واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں 500 اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے فوری طور پر یہ اقدام اٹھایا تاکہ دارالحکومت کی سیکیورٹی مزید مستحکم ہو سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اہلکاروں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کے ردعمل میں اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ ان اضافی اہلکاروں کا مقصد علاقے میں سکیورٹی کو مزید بہتر بنانا ہے اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال کا فوری طور پر مقابلہ کرنا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کو گولی مار دی گئی، اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ فائرنگ کے بعد فوری طور پر وائٹ ہاؤس کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا اور جائے وقوعہ کے ارد گرد کا پورا علاقہ سیل کر دیا گیا۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔