راولپنڈی/کوئٹہ:چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کا دن بلوچستان کے ضلع ژوب میں اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ گزارا۔ فیلڈ مارشل نے صفِ اول میں دفاعِ وطن کا فریضہ سرانجام دینے والے بہادر جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ ژوب پہنچنے پر کمانڈر کوئٹہ کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل کو علاقے کی سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فورسز کی آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے بلند عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے دفاعِ وطن کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کی۔ فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن پر جان نثار کرنے والے شہدائے ملت کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔