سوات: خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسیلینس نے یونیورسٹی آف سوات کے تعاون سے ایک روزہ سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا، جس کا مقصد ملک میں سماجی ہم آہنگی، قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور اے پی ایس خضدار بس حملے کی شدید مذمت کرنا تھا۔
تقریب میں طلباء، اساتذہ، محققین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی اور امن و رواداری کے فروغ میں تعلیمی اداروں کے کردار پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں میں نفرت اور انتہاپسندی کے بجائے بھائی چارہ اور محبت کا جذبہ پیدا کریں۔
سیمینار کے بعد شرکاء نے ایک پرامن یکجہتی واک کی، جس میں اے پی ایس خضدار بس حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ واک کے دوران شرکاء نے دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف مؤثر اور فوری کارروائی کی جائے۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی ناگزیر ہے، اور ہر سطح پر اس کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔