لاہور: لاہور ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف سیکٹرز میں 44 گاڑیوں کو جدید لیپ ٹاپ اور لائسنسنگ کا سامان فراہم کر کے شہریوں کو بڑی سہولت دی ہے۔ اب شہری اپنے لرنر لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور انٹرنیشنل لائسنس کی سہولت براہ راست روڈ پر حاصل کر سکیں گے۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو فوری اور آسان لائسنسنگ خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ مختلف سنٹرز پر رش کم ہو اور وقت کی بچت ہو۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ لاہور میں ہزاروں لائسنس جاری اور تجدید کیے جاتے ہیں اور نئی سہولت اس عمل کو مزید سہل بنا دے گی۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ تمام سیکٹرز کی گاڑیوں کو لیپ ٹاپ سے لیس کیا گیا ہے جو لائسنسنگ کے نظام کے ساتھ مربوط ہے، جس سے روڈ پر ہی شہریوں کو مکمل سہولت ملے گی۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس سہولت کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔