Wed, September 16, 2026

استحکامِ پاکستان پارٹی کا معرکہء حق کنونشن

استحکامِ پاکستان پارٹی کا معرکہء حق کنونشن

ملتان کے سورج کی کرنیں تیزاب کی طرح جسموں میں اتر رہی تھیں اور ابھی قافلہ ء عزم و ہمت نے رواں دواں رہتے ہوئے اپنی منزلِ مقصود لیہ پہنچنا تھا جہاں افواجِ پاکستان کو اُس کی عظیم الشان فتح پر خراجِ تحسین پیش کرنا تھا ۔صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان پروگرام کے مطابق معرکہء حق کنونشن لیہ میں شرکت کیلئے ملتان ائیر پورٹ پہنچے جہاںآئی پی پی کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے اُن کا والہانہ استقبال کیا۔ملتان سے لیہ جانے والے راستے پر جگہ جگہ اس عظیم قافلے کے بہادر بیٹوں کو روک کر اُن کا اسقبال پھولوں سے کیا گیا ۔ پٹھان چوک، کوٹ ادو، چوک اعظم اور دوسرے لا تعداد مقامات پر اسقبالیہ اور خوش آمدیدی کیمپ لگائے گئے تھے ۔یقینا یہ اُن لوگوں سے محبت کا منہ بولتا ثبوت تھا جنہوں نے پاکستان کی بہادر افواج کوخراج ِ تحسین پیش کرنے کیلئے ایک عظیم الشان کنونشن کا انعقاد کر رکھا تھا ۔اس پروگرام کی خوبصورت بات جو میں نے دیکھی وہ یہ تھی کہ استقبال کرنے والا ہر ہجوم یہ جانتا تھا کہ وہ اس استقبال میں کیوں شریک ہے اور عبد العلیم خان لیہ میں کیا کرنے جا رہے ہیں؟ ایک طویل سیاسی زندگی میں ٗ میں نے دیکھا ہے کہ لوگ صرف شخصیت کیلئے نکلتے ہیں اور اُس کے اغراض و مقاصد سے واقف نہیں ہوتے ۔ یہ پُر جوش ہجوم پاکستان کے رکھوالوں کو بتا رہا تھا کہ پاکستانی قوم نہ صرف اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے بلکہ اُن کی راہ میں بھی نظریں بچھائے بیٹھے ہیں جنہوںنے اس معرکہء حق میں افواج پاکستان کے ساتھ سیاسی محاذ پر اقوامِ عالم کو بتایا کہ ہم پاکستان کی طرف بُری نگاہ سے دیکھنے والوں کے ساتھ کیا سلوک کرتے ہیں ۔جلسہ گاہ میں بلا کا حبس اور گرمی کے باوجود ہزاروں انسان نہ جانے کہاں کہاں سے اس کنونشن میں شرکت کیلئے جمع تھے ۔ سٹیج پر اور پنڈال میں  پہلی بار کسی کنونشن میں چائنہ ٗ ترکیہ اور آذربائیجان کے نہ صرف جھنڈے دیکھنے کو ملے بلکہ عبد العلیم خان نے اپنی تقریر میں ان دوست ممالک کی گرا ں قدر خدمات کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا جس کو وہاں موجود ہزاروں افراد نے سراہا ۔بلاشبہ یہ اعزاز استحکامِ پاکستان پارٹی کو حاصل ہے کہ جس طرح اُس نے سوشل میڈیا پر سب سے پہلے سب سے زیادہ طاقتور کمپین چلا کردشمن کا منہ توڑ 
جواب دیا اُسی طرح پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں میں سب سے پہلے اپنی بہادر افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے اس کنونشن کا انعقاد کرکے ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم ہر وقت اور ہر گھڑی اپنی ملک اور فوج کے خلاف بد زبانی کرنے والوں کو منہ توڑ جوا ب دیں گے ۔معرکہ حق کنونشن سے استحکام پاکستان پارٹی کے صوبائی سیکرٹری شعیب صدیقی نے پُر جوش خطاب کیا جو انتظامات کیلئے پہلے ہی لیہ میںاپنی ٹیم کے ساتھ موجود تھے۔ ممبر قومی اسمبلی گل اصغر بھگور کے علاوہ مقامی قیادتوں نے بھی اپنی تقریر میں مقامی لوگوں کے جذبات دنیا بھر تک پہنچائے ۔ قائدین کا کہنا تھا کہ پاک فوج ساری قوم کے ماتھے کا جھومر ہے اور سپہ سالار نہ صرف اس فوج کے قائد ہیں بلکہ انہوں نے معرکہ حق کے سرخیل ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔ آج جنوبی پنجاب کے عوام نے بھی اتنی بڑی تعداد میں لیہ شہر میں سخت گرمی کے باوجود کنونشن میںبھرپورشرکت کر کے زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ 
کنونشن کا خوبصورت لمحہ عبد العلیم خان کی تقریر تھی ۔ مرکزی صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا ہے ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا کہ متحد قوم کو دشمن جھکا نہیں سکتا۔ہم مقابلے کے لئے سر پر کفن باندھ کر نکلتے ہیںلیکن ہم ایٹمی طاقت ہیں اور ایٹمی طاقتیں جذبات سے نہیں ذمہ داری سے فیصلے کرتی ہیں پاک فوج نے تین دن تک تحمل کے ساتھ صورتحال کو مزید خراب نہیں ہونے دیا ۔عبد العلیم خان نے لوگوں کو بتایا کہ آزاد جموں کشمیر میں بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والی مسجد کی پیشانی پر ’’بنیان مرصوص‘‘ والی آیت لکھی تھی اورافواجِ پاکستان نے اسے قرآن پاک کا حکم سمجھ کر آپریشن کا نام ’’بنیان مرصوص‘‘ رکھا اور وقت نے ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم قرآن کی اس آیت کی تفسیربن کربھارت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو گئی ۔ دشمن نے رات کی تاریکی میں ہمارے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا ٗ ڈرون حملے کئے، میزائل فائر کئے اور ایئرپورٹس پر حملے کئے لیکن پوری دنیا نے دیکھا کہ ایٹمی طاقت پاکستان نے صبر، حوصلے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دن کے اجالے میں اپنے مکار دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ۔ فوج پر تنقید کرنے والوں کوآڑے ہاتھوںلیتے ہوئے عبد العلیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ افواج پاکستان پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب مل چکا ہے ۔ہمارے عسکری اداروں نے 3 دن تک جذبات پر قابو رکھا اورپھر دنیا نے دیکھا کہ صرف ڈیڑھ گھنٹے میں ٗ جو مودی بلند و بانگ دعوے کرتا تھا اس کی چیخیں پوری دنیا نے سنیںاوربھارت اپنے پیسے، تجارت اور عالمی حمایت کے گھمنڈپر جو اترا رہا تھا ٗ اُسے دنیا میں منتیں کرنا پڑیںجس کی وجہ سے امریکی صدرٹرمپ کو کہنا پڑا کہ میں نے مصالحت کرائی گو کہ یہ بھارت کی یکطرفہ شکست تھی ۔ عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں دشمن کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں،خواتین اور شہریوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہاکہ ساری قوم شہداء کے خون کی مقروض ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ معرکہ حق کنونشن سے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات اور پارٹی صدر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اس قدر تاریخی کامیابی کے بعد سید عاصم منیر کے لئے فیلڈ مارشل کا اعزاز نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ مسلم امہ کے لئے بھی بڑے اعزاز کی بات ہے ۔اب مودی سرکارکو سمجھ جانا چاہیے وہ پہلے ہی اپنی بے وقوفی اور نالائقی پر خفت اٹھا چکا ہے، ہم بھارت کی گیدڑ بھبکیوں کو جوتے کی نوک پر بھی نہیں لکھتے،یقینِ محکم کے ساتھ ہماری مسلح افواج اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ عبد العلیم خان کا ایک جملہ ان کی تقریر کا حاصل تھا جو مجھے ہمیشہ یاد رہے گا کہ ’’ دنیا ہمیں بتائے کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان یکطرفہ امن کیسے ممکن ہے؟ ۔
پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے استحکام پاکستان پارٹی کے معرکہ حق کنونشن میں مرکزی سیکرٹری جنرل میاں خالد محمود، صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان، جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی،ایم پی اے غضنفر عباس چھینہ، تسکین خاکوانی، سابق ممبر پنجاب اسمبلی ہارون عمران گل، صدر جنوبی پنجاب رفاقت علی گیلانی،جنرل سیکرٹری ساؤتھ پنجاب تحسین نواز گردیزی، صدر آئی پی پی لاہور ملک زمان نصیب،ڈاکٹر شاہدہ بھٹہ،نیاز گشکوری، سفینہ خان اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجر برادری ٗاقلیتوں کے نمائندوں اور مذہبی تنظیموں نے شرکت کی۔ایسے کنونشن اور افواج ِ پاکستان کی اس عظیم فتح پر ہر ضلع ٗ تحصیل میں آگہی پروگرامز ہونے چاہئیں تاکہ نئی نسل جان سکے کہ اُن کا دفاع کرنے والے کون ہیں اور اُن سے دغا کرنے والے جنگ کے دوران کیا کررہے تھے ۔ 

ٹیگز: