لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی خطے میں امن کی جانب ایک مثبت قدم ہے، پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کا ساتھ دے کر برادر اسلامی ملک سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ریاست ہے، جس نے ہمیشہ عالمی سطح پر امن کو ترجیح دی ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے تاریخ کا سب سے منظم اور شفاف بجٹ پیش کیا، جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، یہ ایک معاشی معجزہ ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے حکومتی اقدامات پر نعرے بازی کی اور اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، تاہم وزیراعلیٰ نے پُراعتماد انداز میں خطاب جاری رکھا۔
انہوں نے کہا کہ 30 سال سے واجب الادا قرضہ آج ختم ہو چکا ہے، معدنیات کے شعبے میں 30 ارب روپے کی بچت ہوئی اور وزارت معدنیات میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے اور ٹیکس نیٹ کی توسیع کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے بھارتی پراپیگنڈے کے خلاف پاکستان کی سفارتی فتح اور نوجوانوں کے سوشل میڈیا کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم اور افواج پاکستان کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔