اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج ملک کے کئی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے، جن میں اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر شامل ہیں۔
کچھ پہاڑی اور شمالی علاقوں جیسے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر اور سوات میں ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خطرہ ہے۔ شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، راولپنڈی اور اسلام آباد کے ندی نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی پنجاب، آزاد کشمیر، موسیٰ خیل اور بارکھان کے ندی نالے بھی بپھر سکتے ہیں، جبکہ سندھ کے شہروں جیسے کراچی، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور حیدرآباد میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں، خاص طور پر خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
کراچی میں حالیہ بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام سے دوبارہ وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے، جو ہفتے اور اتوار تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
کراچی سمیت دیگر شہروں میں مون سون کا پہلا اسپیل 2 جولائی تک چلے گا، جبکہ دوسرا اسپیل 5 جولائی سے شروع ہونے کی توقع ہے، جس کے دوران مزید بارشیں متوقع ہیں۔