اسلام آباد : وفاقی حکومت کو سپر ٹیکس کیس میں بڑی کامیابی مل گئی۔ وفاقی آئینی عدالت نے تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے انکم ٹیکس ایکٹ کا سیکشن 4-B بحال کر دیا ہے۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں بینچ نے ریمارکس دیے کہ آمدنی پر ٹیکس لگانا پارلیمنٹ کا آئینی اختیار ہے۔
عدالت نے ہائیکورٹ کے سابقہ فیصلے کو جزوی طور پر مسترد کرتے ہوئے وفاقی اپیلوں کو منظور کر لیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے قومی خزانے کو اربوں روپے کے ٹیکس کی وصولی میں مدد ملے گی، جو پہلے قانونی پیچیدگیوں کے باعث رکی ہوئی تھی۔ عدالت نے قرار دیا کہ کیس قابلِ سماعت تھا اور اس پر اٹھائے گئے اعتراضات میں وزن نہیں تھا۔