کولمبو : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے پچھاڑ کر سیمی فائنل کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ انگلینڈ کی اس اہم فتح نے جہاں کیویز کی فائنل فور میں پہنچنے کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کر دی ہے۔ پاکستان کے لیے سیمی فائنل کے دروازے ایک بار پھر وا کر دیے ہیں۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا، تاہم کیوی بیٹرز انگلش بولنگ لائن کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔گلین فلپس 39 اور ٹم سائفرٹ 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ریحان احمد، عادل راشد اور ول جیکس نے دو، دو شکار کیے۔
انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد حاصل کر کے اپنی ناقابلِ شکست پوزیشن برقرار رکھی۔انگلینڈ کی جیت کے بعد اب سیمی فائنل کا تمام تر انحصار پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے کل کے میچ پر ہے۔ کیویز کے 3 میچز میں 3 پوائنٹس ہیں اور ان کا سفر اب پاکستان کے نتیجے پر منحصر ہے۔پاکستان کے پاس فی الحال 1 پوائنٹ ہے۔ اگر گرین شرٹس کل سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست دینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تو وہ بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑ کر سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔
مختصر یہ کہ اگر پاکستان جیتا تو سیمی فائنل کی ٹکٹ رن ریٹ طے کرے گا، لیکن اگر پاکستان ہارا تو نیوزی لینڈ براہِ راست سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔