Wed, September 16, 2026

بلوچستان: 9 مطلوب خواتین کی گرفتاری میں مدد پر 15 لاکھ روپے تک انعام کا اعلان

بلوچستان: 9 مطلوب خواتین کی گرفتاری میں مدد پر 15 لاکھ روپے تک انعام کا اعلان

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے کالعدم عسکریت پسند تنظیموں سے وابستہ قرار دی جانے والی 9 مطلوب خواتین کی گرفتاری میں مدد دینے والی مصدقہ معلومات فراہم کرنے پر 10 سے 15 لاکھ روپے تک انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

حکومت بلوچستان کے مطابق مطلوب خواتین کا تعلق گوادر، جیونی اور تربت سے ہے۔ ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے افراد کی شناخت صیغۂ راز میں رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ انعام کا مقصد مطلوب افراد کی گرفتاری میں معاونت کرنے والی مصدقہ اطلاعات حاصل کرنا ہے اور اس کا تعلق خواتین یا بلوچ عوام کے خلاف کسی کارروائی سے نہیں۔

بیان کے مطابق قانون کی نظر میں جنس، قبیلہ یا علاقہ کسی فرد کو استثنیٰ فراہم نہیں کرتا۔ حکومت نے مزید کہا کہ چند خواتین کی کالعدم تنظیموں میں شمولیت کو بلوچ خواتین کی اجتماعی سوچ یا عوامی بغاوت سے تعبیر کرنا درست نہیں۔

حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ خواتین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا بلوچ معاشرتی روایات کا حصہ نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے معاشرتی اقدار کے استحصال کی کوشش ہے۔

ٹیگز: