کراچی: سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے منگھوپیر روڈ پر ایک بڑی کارروائی کے دوران خوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کی شناخت زید اللہ عرف زیدو، نور زادہ اور حضرت عثمان کے طور پر ہوئی ہے۔
رینجرز کے ترجمان کے مطابق یہ دہشت گرد شمس القیوم عرف زاویل کے قریبی ساتھی تھے، جو کہ خوارج کے گروہ کا امیر ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ لوگوں کے فون نمبرز شمس القیوم کو دیتے تھے، جس کے بعد وہ ان نمبروں پر بھتہ وصولی کے لیے کال کرتا تھا۔
گرفتار ملزمان نے بھتہ وصولی اور لینڈ گریبنگ میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ اس کے علاوہ، ملزم نور زادہ اور حضرت عثمان کے بھائی بھی پہلے ہی خوارج کے نیٹ ورک میں مارے جا چکے ہیں۔
ملزم زید اللہ عرف زیدو پر تھانہ ایکسائز کورنگی اور اے این ایف کی جانب سے بھی الزامات ہیں۔ رینجرز نے ان ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔