Wed, September 16, 2026

پنجاب میں سیلاب کی سنگین صورتحال، دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی

پنجاب میں سیلاب کی سنگین صورتحال، دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی

لاہور : بھارت کی طرف سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے اور مسلسل بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح بہت بڑھ گئی ہے۔ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں پانی کا بہاؤ اتنا زیادہ ہو گیا ہے کہ کئی علاقے سیلاب کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔

دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 29 ہزار 700 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ نارووال میں پانی کرتارپور کوریڈور تک جا پہنچا ہے، جہاں سکھوں کی مقدس جگہ کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ شکر گڑھ کے بند میں شگاف پڑنے کی وجہ سے کئی گاؤں زیر آب آ گئے ہیں اور لوگوں کو بچایا جا رہا ہے۔

دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ بہاولنگر اور پاکپتن کے کئی دیہات سیلاب کی زد میں آ چکے ہیں، کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ ہزاروں لوگ اور جانور محفوظ جگہوں پر منتقل کیے جا رہے ہیں۔

دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ سب سے زیادہ ہے، جو 7 لاکھ 5 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ وزیرآباد اور چناب نگر کے علاقے خاص طور پر متاثر ہیں، جہاں لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے پاک فوج اور رینجرز کی مدد طلب کر لی ہے تاکہ سیلابی متاثرین کی فوری مدد کی جا سکے۔ لوگوں کو احتیاط برتنے اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

ٹیگز: