لاہور :پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ زوروں پر ہے۔ گجرات، ظفروال، وزیرآباد اور آس پاس کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جس کی وجہ سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ بارش کے باعث کئی بجلی کے فیڈرز بھی خراب ہو گئے جس سے بجلی کی فراہمی کئی جگہ معطل ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے پانی میں ڈبونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
سیالکوٹ میں گزشتہ روز اتنی بارش ہوئی کہ 11 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ شہر میں 355 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے کئی جگہوں پر پانی کئی فٹ جمع ہو گیا اور نشیبی علاقے مکمل طور پر زیر آب آ گئے۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر سیالکوٹ میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔