Wed, September 16, 2026

پنجاب حکومت کا راشن کارڈ پروگرام مزید وسعت دینے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا راشن کارڈ پروگرام مزید وسعت دینے کا فیصلہ

لاہور : پنجاب حکومت نے راشن کارڈ اسکیم میں مزید 50 ہزار ضرورت مند افراد کو شامل کرنے اور صوبہ بھر میں موجود بھکاریوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے اور ان کی باقاعدہ میپنگ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں معاشرے کے غریب اور کم آمدنی والے طبقات کو مالی معاونت فراہم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق راشن کارڈ، ہمت کارڈ اور اقلیتی کارڈ کے ذریعے مجموعی طور پر 16 لاکھ سے زائد افراد کو ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔ بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال کے دوران راشن کارڈ پروگرام کے تحت تقریباً 14 لاکھ افراد جبکہ ہمت کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ سے زائد مستحق شہریوں کو ہر ماہ مالی امداد دی جائے گی۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ راشن کارڈ پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے 50 ہزار نئے مستحق افراد کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت دی کہ بے سہارا بچوں کے لیے یتیم خانے قائم کیے جائیں اور خواتین و بچوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات کی صفائی، مرمت اور سروسز کو بہتر بنانے کے لیے مستند فلاحی اداروں کے ساتھ شراکت داری کی ہدایت بھی جاری کی۔

مزید برآں اجلاس میں صنعت زار کی بہتری اور ازسرنو بحالی میں نجی شعبے کو شامل کرنے جبکہ زکوٰۃ فنڈز سے ادویات کی فراہمی کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت کا بنیادی ہدف عام شہری کی فلاح و مدد ہے، اور پنجاب کے سماجی بہبود کے اداروں کو یورپی طرز پر جدید، مؤثر اور عوام دوست بنایا جا رہا ہے تاکہ محروم طبقات کو زیادہ بہتر انداز میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
 
 
 

ٹیگز: