Wed, September 16, 2026

پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں: وزیراطلاعات

پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں: وزیراطلاعات

اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں قربان کی ہیں اور اس جنگ کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت کو کھربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔

اسلام آباد میں غیرملکی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی بڑی تعداد میں جانوں کی قربانی نہیں دی، جیسا کہ پاکستان نے کی ہے۔

وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست ہے اور اس جنگ میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز، پولیس، ایجنسیوں اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے باعث پاکستان کی معیشت کو کھربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور ہم آج بھی دہشت گردوں، خاص طور پر خوارجیوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔

عطااللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف فرنٹ لائن ریاست ہے بلکہ دنیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دہشت گردوں کے درمیان دیوار بھی ہے۔

وزیراطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے مزید حمایت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور اب بھی کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا ذکر کرتے ہوئے حالیہ جعفر ایکسپریس حادثے کی طرف اشارہ کیا، جس میں ایک پوری ٹرین کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔ اس واقعے کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی تھی، لیکن بھارت نے اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت خود دہشت گردی میں ملوث ہے، اور اس کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔

عطااللہ تارڑ نے بھارتی بحریہ کے افسر کلبھوشن یادو کو گرفتار کرنے کا ذکر کیا، جو دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا اور جس کے خلاف پاکستان کے پاس مضبوط ثبوت موجود ہیں۔

ٹیگز: