کراچی: چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود نے کہا کہ پاکستان اپنے وسائل اور صلاحیتوں کے باوجود وہ ترقی حاصل نہیں کر رہا جس کا وہ مستحق ہے۔ ایپ سپ کے زیر اہتمام "2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" کے عنوان پر آئی او بی ایم کورنگی کریک میں منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان سے بہت محبت ہے کیونکہ یہ ہمارا گھر ہے، اور اللہ نے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن دیا ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں وہ ترقی نہیں مل پائی جو ہمارے حق میں ہونی چاہیے تھی۔
میاں عامر محمود نے کہا کہ اس خطے میں چین، بھارت، ویتنام اور تھائی لینڈ جیسے ممالک تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان اپنی صلاحیت کے مطابق آگے نہیں بڑھ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہمارے ہمسایہ ممالک کتنی تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، اور ہمیں ان سے سیکھ کر اپنی سمت درست کرنی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 80 سال میں کئی اچھے لیڈر ملک میں آئے، مگر بدقسمتی سے کوئی بھی شخص اپنے حصے کا کام مکمل طور پر نہیں کر سکا۔ ان کے مطابق پاکستان ایک فیڈریشن ہے اور اس کی چار فیڈریٹنگ یونٹس ہیں، لیکن یہاں کی سب سے بڑی پیچیدگی یہ ہے کہ ایک فیڈریٹنگ یونٹ باقی تینوں سے بڑا ہے، جو پاکستان کی داخلی سیاست اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
میاں عامر محمود نے کہا کہ اگر پاکستان کو اپنی اصل صلاحیتوں کے مطابق ترقی کرنی ہے تو ہمیں اپنے اندرونی مسائل کو سمجھ کر انہیں حل کرنا ہوگا، اپنے وسائل کا بہتر استعمال کرنا ہوگا اور قیادت کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے کام کرنے کی ترغیب دینی ہوگی تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔