کراچی: حکومتِ سندھ نے 28 مئی 2025 کو یومِ تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اسی روز ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی، غلام حسین سہتو کے مطابق 28 مئی کو ہونے والے بوٹنی اور انگلش کے پرچے اب 30 مئی کو لیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بوٹنی کا پرچہ اوّل (نئے، پرانے کورسز اور فیل طلبہ کے لیے)، جو 28 مئی کو صبح 9 سے 11 بجے ہونا تھا، اب 30 مئی کو اسی وقت پر ہوگا۔تاہم ، انگلش نارمل اور انگلش ایڈوانسڈ پرچہ اوّل (فیل طلبہ کے لیے)، جو 28 مئی کو دوپہر 2 سے شام 5 بجے تک ہونا تھا، اب 30 مئی کو سہ پہر 3 سے شام 6 بجے تک لیا جائے گا۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ امتحانی مراکز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تمام طلبہ اپنے مقررہ سینٹرز پر ہی پرچے دیں گے۔ واضح رہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی یاد میں ہر سال 28 مئی کو منایا جاتا ہے۔