Wed, September 16, 2026

پاکستان دشمن عناصر 'ڈیل' کے لیے ملک کی ساکھ داؤ پر لگا رہے ہیں: عظمیٰ بخاری

پاکستان دشمن عناصر 'ڈیل' کے لیے ملک کی ساکھ داؤ پر لگا رہے ہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی قیادت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمنی پر مبنی بیانیہ اب بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت سے کچھ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ عید کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کی قاسم خان سے 30 منٹ تک فون پر خصوصی بات چیت کرائی گئی۔ پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹس سے ملکی مفادات کے منافی تقریریں براہِ راست دکھائی جا رہی ہیں، جو افسوسناک ہے۔
 زلفی بخاری بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے موجودہ حکومت کی سفارتی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2025 کے بعد پاکستان ایک بڑی طاقت بن کر ابھرا ہے اور دنیا بھر کے وزرائے اعظم اور صدور پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔پاکستان کی بہترین اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں 2027 تک جی ایس پی پلس کا درجہ برقرار رہے گا۔
 وزیراعظم شہباز شریف کے غیر ملکی دوروں اور معاشی اصلاحات نے پاکستان کا وقار بحال کر دیا ہے۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جس شخص کو قوم نے سر آنکھوں پر بٹھایا، وہ آج ڈیل کے لیے ملک کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ کچھ لوگ خود کو پاکستان سے مقدم سمجھتے ہیں، لیکن ریاست کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ٹیگز: