Wed, September 16, 2026

"تحریکِ انتشار" کے غبارے سے ہوا نکل چکی: فیصل کریم کنڈی کا پی ٹی آئی کے احتجاجی اعلانات پر تمسخر

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریکِ انصاف کو "تحریکِ انتشار" کا نیا نام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جماعت کا ماضی ملکی مفادات کے خلاف کام کرنے سے بھرا پڑا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے حالیہ احتجاجی اعلانات کو "ناکامی کا تسلسل" قرار دے دیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پی ٹی آئی نے اپنی پوری سیاست میں کبھی قومی مفاد کو ترجیح نہیں دی بلکہ ہمیشہ انتشار پھیلا کر ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ یہ جماعت پہلے بھی تحریکیں چلانے کے بڑے بڑے اور ناکام اعلانات کرتی رہی ہے، اب بھی ان کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی قید اور سزاؤں کے حوالے سے گورنر نے دو ٹوک موقف اپنایا  بانی پی ٹی آئی کو سزائیں عدالتوں نے دی ہیں، اگر انہیں ریلیف چاہیے تو وہیں رجوع کریں۔ سڑکوں پر ہنگامہ آرائی اور انتشار پھیلانے سے عدالتی فیصلے تبدیل نہیں ہوں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ ملک اب مزید کسی احتجاج یا انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پی ٹی آئی قیادت کو چاہیے کہ وہ اپنی منفی سیاست کو ترک کرے اور ریاست کے خلاف مہم جوئی سے باز رہے۔

ٹیگز: