اسلام آباد : وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان کی جانب سے پاکستان کی معیشت کے خلاف عالمی سطح پر شروع کی گئی مہم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے "سیاسی منافقت" قرار دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں انہوں نے قاسم خان کو غیر ملکی ایوانوں کے بجائے پاکستان کی زمین پر آ کر سیاست کرنے کا مشورہ دیا ہے۔خواجہ آصف نے اپنے بیان میں قاسم خان اور سلیمان خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اپنے والد کے بارے میں واقعی فکر مند ہیں، تو لندن میں بیٹھ کر پاکستان کی جی ایس پی پلس (GSP+) حیثیت منسوخ کرانے کے لیے لابنگ کرنا بند کریں۔ اگر ہمت ہے تو پاکستان آئیں اور یہاں رہ کر اپنے والد سے اپنی محبت اور عزم کا ثبوت دیں۔
وزیرِ دفاع نے واضح کیا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس پاکستان کی برآمدات اور لاکھوں مزدوروں کے روزگار کا ضامن ہے۔ اس کے خلاف مہم چلانا کسی صورت "سیاسی جدوجہد" نہیں کہلا سکتا۔ ان کے مطابق بیرونِ ملک بیٹھ کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔