اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک عالمی معیشت میں بھرپور حصہ نہیں ڈال پاتے، کیونکہ انہیں تجارتی پابندیوں، بڑھتے ہوئے قرضوں اور مالی رسائی کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
بواؤ فورم برائے ایشیا 2025 میں وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی معیشت نے معاشی ترقی کو آگے بڑھایا ہے، مگر یہ ترقی ابھی تک ترقی یافتہ ممالک تک ہی محدود ہے، جس کے باعث جنوبی ممالک کو مناسب مواقع نہیں مل پاتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر ایک جامع معیشت کی ضرورت ہے تاکہ تمام ممالک کو مساوی فائدہ پہنچے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو اجتماعی طور پر منصفانہ تجارتی اصولوں کی حمایت کرنی چاہیے اور عالمی مالیاتی اداروں میں اپنی بہتر نمائندگی کے لیے ایک اتحاد قائم کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے قرضوں کی معافی اور مالیاتی انصاف کے لیے جی20 اور آئی ایم ایف پر زور دیا کہ وہ خودمختار قرض کے نظام کو نئے سرے سے ترتیب دیں۔
اس کے ساتھ ہی وزیر خزانہ نے ماحولیاتی انصاف اور پائیدار ترقی کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، اور کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو ماحولیاتی مالی امداد اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کی جانی چاہیے۔