Wed, September 16, 2026

ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے سااتھ بارش کا امکان

ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے سااتھ بارش کا امکان

لاہور : محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف حصوں میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اور بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 26 اور 27 مارچ کو آندھی اور تیز بارش کی وجہ سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقے کھڑی فصلوں کو نقصان سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔

مری، گلیات، ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلیاں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

آج اسلام آباد اور گردونواح میں بھی وقفے وقفے سے تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے کئی علاقے، جیسے مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، اور دیگر شہروں میں بھی تیز بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی توقع ہے۔ جنوبی علاقوں میں کچھ مقامات پر ژالہ باری جبکہ بالائی علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، مستونگ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور آندھی ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بالائی علاقے جزوی طور پر ابر آلود رہیں گے اور دوپہر کے بعد جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔

ٹیگز: