اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ایک مثبت قدم ہے، اور پاکستان نے ہر موقع پر برادر ملک ایران کی حمایت کی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران نے پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، اور جس انداز میں ایران نے ہمارے کردار کو سراہا، وہ غیر معمولی بات ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران نے اسرائیلی حملوں کا بہادری سے جواب دیا اور اپنے دفاع میں ثابت قدمی دکھائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر سعودی ولی عہد سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔
شہباز شریف نے ملکی سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دہشتگردوں کو فیصلہ کن شکست دی ہے، اور فتنۂ خوارج کو کچلنے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں، اور پاک فوج کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
بجٹ کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اس سال بجٹ پر خوب محنت کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ، اتحادی جماعتوں، نائب وزیراعظم، اور صدر آصف زرداری و بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام ارکان نے مل کر مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کے بعد معیشت کو مستحکم کرنے پر مزید کام کیا جائے گا۔
آخر میں محرم الحرام کے حوالے سے انہوں نے ہدایت کی کہ امن و امان کے لیے مکمل انتظامات کیے جائیں اور عوام سے اپیل کی کہ مجالس اور جلوسوں میں امن، برداشت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔