Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کی اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت، ڈیزل کی قیمت میں کمی کو خوش آئند قرار دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف کی اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت، ڈیزل کی قیمت میں کمی کو خوش آئند قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بامقصد بات چیت کے لیے ہر وقت تیار ہے، ملکی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دی ہے، اب اپوزیشن کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر کب آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے اور ملک کی بہتری کے لیے سیاسی قوتوں کو مل بیٹھنا ہوگا۔

شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزارتِ پٹرولیم اور متعلقہ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم کے مطابق حکومت مشکل حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے 128 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے خطے کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی ممالک میں ریفائنریز اور گیس پلانٹس بند ہیں، جبکہ پاکستان توانائی درآمد کرنے والا ملک ہے، جس کے باعث عالمی حالات کے اثرات براہِ راست پاکستان پر پڑتے ہیں۔

انہوں نے کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ تاجروں کو بلاجواز تنگ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

ٹیگز: