اسلام آباد : آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات میں یو اے ای سے دو ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو کم از کم ایک سال کے لیے رول اوور کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کے جائزہ وفد نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ ڈپازٹ ایک سال کے لیے رول اوور نہ ہو تو کیا ہو گا، جس پر سٹیٹ بینک حکام نے یقین دلایا کہ اس حوالے سے جلد پیشرفت ہوگی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، آئی ایم ایف وفد کی یو اے ای کے سفیر سے ملاقات متوقع ہے۔
مرکزی بینک کے حکام نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر کام جاری ہے اور عارضی رول اوور کے حوالے سے بھی حکومت بات چیت کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، ایکسچینج ریٹ اور اینٹی ٹیرر فنانسنگ جیسے امور پر بھی گفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق، گورنر اسٹیٹ بینک اور سینئر حکام نے آئی ایم ایف کے وفد کو تعارفی اجلاس میں بریفنگ دی، اور یہ مذاکرات کراچی میں مزید دو دن تک جاری رہیں گے۔