راولپنڈی:خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے تین الگ الگ آپریشنز کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ضلع کرک میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔ شمالی وزیرستان میں بھی کامیاب آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک عثمان مہمند اور سپاہی عمران خان نے مادرِ وطن پر اپنی جانیں قربان کر دیں۔ شہید لانس نائیک عثمان مہمند چارسدہ جبکہ سپاہی عمران خان کا تعلق کرم ضلع سے تھا۔
ادھر جنوبی وزیرستان کے گومل زام علاقے میں ایک اور آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 3 مزید دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں دہشت گردوں کی مکمل صفائی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج کے ترجمان نے عزم دہرایا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فورسز اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی، اور شہداء کی قربانیاں ہمارے حوصلے بلند کرتی ہیں۔