نیویارک : نیویارک سے وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے کے خاتمے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گردشی قرضہ توانائی کے تمام وسائل کو نگل رہا تھا اور اس سے نمٹنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ بجلی کے شعبے میں لائن لاسز بھی ایک بڑا مسئلہ ہیں جن پر اگلے مرحلے میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیر توانائی کی قیادت میں بنائی گئی ٹاسک فورس نے مؤثر مذاکرات کے ذریعے آئی پی پیز کے ساتھ کامیابی سے یہ مسئلہ حل کیا ہے، جو اجتماعی محنت کا نتیجہ ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ گردشی قرضے کی وجہ سے معیشت پر بوجھ پڑ رہا تھا اور توانائی کا شعبہ متاثر ہو رہا تھا۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مشترکہ اتفاق رائے سے ایک لائحہ عمل بنایا گیا ہے، جس کے تحت چھ سال کے اندر گردشی قرضے سے مکمل نجات مل جائے گی۔
وزیر خزانہ نے بھی کہا کہ بجلی کے شعبے کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک سال سے محنت جاری ہے اور گردشی قرضے کے خاتمے کی یہ اسکیم توانائی کے شعبے پر مثبت اور دیرپا اثرات مرتب کرے گی۔