کیلیفورنیا : گوگل نے پاکستان میں اپنا نیا "اے آئی پلس" پلان متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو جدید اور طاقتور AI ٹولز فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تخلیقی اور پیداواری صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں۔ یہ پلان خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ہے جو گوگل کی سروسز جیسے جی میل، ڈاکس، شیٹس اور فوٹوز میں AI کے اضافی فیچرز سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
اس پلان میں صارفین کو جیمنائی ایپ میں تصویر بنانے اور ایڈیٹ کرنے کی زیادہ جگہ ملے گی، جیمنائی 2.5 پرو اور ویڈیو جنریشن ماڈل Veo 3 Fast تک رسائی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، 200 جی بی اسٹوریج بھی دی جائے گی جو فوٹوز، ڈرائیو اور جی میل میں استعمال ہو سکے گی۔
گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی بہت تیزی سے ہو رہی ہے اور لوگوں نے AI کو اپنانے میں زبردست دلچسپی دکھائی ہے۔ ان کے بقول، "اے آئی پلس پلان کے ذریعے ہم اس ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ ہر کوئی اپنی صلاحیتوں کو بڑھا سکے۔"
اس کے علاوہ، یہ پلان آپ کے خاندان کے پانچ دیگر افراد کے ساتھ بھی شیئر کیا جا سکتا ہے، تاکہ سب ایک ساتھ بہتر تجربہ حاصل کر سکیں۔
گوگل اے آئی پلس اب پاکستان میں ماہانہ 1400 روپے کی کم قیمت پر دستیاب ہے، اور نئے صارفین کے لیے پہلے چھ مہینوں میں 50 فیصد رعایت بھی دی جا رہی ہے۔