راولپنڈی : پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مردان کی مختلف جامعات اور مدارس کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس نشست میں عبد الولی خان یونیورسٹی، وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور مدارس کے طلبہ و اساتذہ شامل تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اس موقع پر معرکہ حق، حالیہ پاک افغان کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں، اور دشمن کی ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پاک فوج اور عوام ایک مضبوط دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
اس ملاقات میں طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے شہداء اور غازیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اساتذہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو نے ان کے دل میں پاک فوج کے حوالے سے پائے جانے والے کئی ابہام دور کیے ہیں، اور قوم پاکستان کی افواج کے کردار کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
طلبہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان اپنے ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہیں اس بات کا بھی علم ہوا کہ دشمن ملک کس طرح سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرکے ہمارے ملک اور افواج کے خلاف غلط بیانی کرتے ہیں۔ طلبہ نے یہ عزم بھی کیا کہ وہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اپنی فوج کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔