Wed, September 16, 2026

افغانستان کی بھارت کو سرمایہ کاری کی پیشکش؛ ٹیکس مراعات کے اعلان پر نئے سوالات اٹھ گئے

افغانستان کی بھارت کو سرمایہ کاری کی پیشکش؛ ٹیکس مراعات کے اعلان پر نئے سوالات اٹھ گئے

کابل:افغانستان کی عبوری حکومت نے بھارتی کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے انہیں خصوصی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس نے خطے میں نئے معاشی اور سیاسی مباحث کو جنم دے دیا ہے۔

وزیرِ صنعت و تجارت الحاج نورالدین عزیزی نے بتایا کہ بھارتی سرمایہ کاروں کو ٹیرف سپورٹ، زمین کی فراہمی اور نئی سرمایہ کاری پر پانچ سال تک ٹیکس میں چھوٹ دی جائے گی۔ ان کے مطابق افغانستان توانائی، قدرتی وسائل، بنیادی ڈھانچے اور صنعت کے شعبوں میں بھارتی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید معاشی بحران سے دوچار افغانستان میں ٹیکس فری مراعات حکومتی آمدن پر دباؤ ڈال سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات کمزور اقتصادی ڈھانچے پر مزید بوجھ ڈالنے کا باعث بن سکتے ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق طالبان حکومت کی جانب سے بھارت کے ساتھ معاشی روابط بڑھانا ایک اہم سیاسی اشارہ بھی ہے۔ یہ پیشکش ایسے دور میں سامنے آئی ہے جب افغانستان انسانی بحران، مالی مشکلات اور عالمی تنہائی کا سامنا کر رہا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ محدود وسائل رکھنے والے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترجیح دینے کا فیصلہ عوامی ضروریات اور ریاستی ترجیحات کے تناظر میں مزید بحث کا تقاضا کرتا ہے۔

ٹیگز: