اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مشاورت کے بعد جسٹس (ریٹائرڈ) یار محمد خان کو گلگت بلتستان کا نگران وزیراعلیٰ مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ جسٹس یار محمد خان گلگت بلتستان چیف کورٹ کے سابق جج ہیں اور ان کا تعلق ضلع استور کے گاﺅں ناصرآباد سے ہے۔ ان کے پاس قانون اور عدلیہ کے شعبے میں کئی دہائیوں کا تجربہ ہے، جس سے ان کی نامزدگی کو سراہا جا رہا ہے۔
یار محمد خان نے کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد گلگت بلتستان میں تقریباً 15 سال تک وکالت کی۔ بعد میں انہوں نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سول جج کا امتحان پاس کیا اور مختلف عدالتی عہدوں پر کام کیا۔ وہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، چیف کورٹ کے رجسٹرار اور گلگت بلتستان چیف کورٹ کے جج بھی رہے۔ بطور جج، انہوں نے آئینی، سول اور انتخابی مقدمات کی سماعت کی اور الیکشن ٹریبونل کے رکن کے طور پر انتخابی تنازعات کے حل میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
ان کی عدلیہ میں خدمات ہمیشہ غیر متنازعہ اور پیشہ ورانہ رہی ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انہوں نے قانونی شعبے میں اپنا کردار جاری رکھا اور ’’دی لیگل اکیومن‘‘ کے ساتھ بطور مینٹر نوجوان وکلا کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
جسٹس (ر) یار محمد کی تقرری کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے عدالتی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کے انعقاد اور انتظامی امور میں تسلسل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کی قیادت میں اس بات کی امید ہے کہ صوبے میں شفافیت، احتساب اور ترقی کے عمل کو مزید تقویت ملے گی۔