راولپنڈی : پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، جس میں 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خفیہ معلومات ملیں کہ علاقے میں دہشت گردوں کا ایک گروہ چھپ کر موجود ہے، جس کے بعد فورسز نے فوری کارروائی شروع کی۔
کارروائی کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں تمام 22 دہشت گرد مارے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارت کے پراکسی نیٹ ورک سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ابھی جاری ہے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں تسلسل سے جاری رہیں گی۔ پاکستان کی فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں اور قومی ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلا لحاظ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔