بیجنگ :وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں میڈیا اور معززین سے خطاب کرتے ہوئے خوشخبری سنائی ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین معاملات اب درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم دعا گو ہیں کہ خطے میں مستقل امن قائم ہو۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کی مہمجوئی کے لیے چینی صدر کے 4 نکاتی ایجنڈے کی مکمل توثیق اور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایرانی اور امریکی قیادت کو قریب لانے اور ان کے درمیان براہِ راست رابطے بحال کرانے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتہائی اہم اور تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر چینی وزیراعظم لی کیانگ نے پاکستان کی ان کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت اور متحرک سفارتی کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تزویراتی (Strategic) اور عملی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے، کیونکہ دونوں دوست ممالک نے ہمیشہ قریبی رابطے اور باہمی ہم آہنگی کے ذریعے اپنے مشترکہ مفادات کا کامیاب دفاع کیا ہے۔