اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد میں تیزی سے بڑھتی ہوئی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد کے چیف کمشنر، آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جیز، ایس پیز، اے سیز کے علاوہ وزیر مملکت طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ بھی شریک تھے۔
محسن نقوی نے واضح ہدایت دی کہ بغیر اجازت بنائے گئے گھروں اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران "زیرو ٹالرنس" کی پالیسی اپنائیں اور لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم (LIMS) کے ذریعے سیٹلائٹ میپنگ کر کے غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کریں۔
انہوں نے افسران سے کہا کہ اسلام آباد میں عوام کو بہتر سہولیات دینا آپ کی ذمہ داری ہے، اور شہریوں کے اعتماد کے بغیر پولیس و انتظامیہ کا مثبت امیج نہیں بن سکتا۔ محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہر کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور ضروری اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں بھرپور جذبے سے سر انجام دیں، حکومت مکمل تعاون کرے گی۔