نیویارک : اقوام متحدہ نے گزشتہ ہفتے غزہ کے علاقے دیر البلح میں اپنے ہیڈکوارٹر پر ہونے والے حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے۔ اس حملے میں اقوام متحدہ کا ایک غیر ملکی اہلکار ہلاک اور پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے اس حملے کے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میڈیا کو غیر مصدقہ معلومات کی بنیاد پر خبریں دینے سے گریز کرنا چاہیے۔ تاہم، اقوام متحدہ نے اپنی تحقیقات کے بعد یہ تسلیم کیا ہے کہ حملہ اسرائیلی ٹینکوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اس کے بعد اقوام متحدہ نے فلسطین میں اپنے غیر ملکی عملے کو عارضی طور پر کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے دوبارہ غزہ پر حملے شروع کیے ہیں، جس کے نتیجے میں 700 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 400 سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ حماس نے بھی بتایا ہے کہ اس کے کئی اعلیٰ رہنما ان حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔