منامہ: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک عالمی آبی گزرگاہ ہے اور کسی بھی ملک کو اس پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
منامہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے نکات پر تکنیکی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق 30 جون کو امریکی وفود دوبارہ سوئٹزرلینڈ جائیں گے جہاں ایران کے جوہری پروگرام اور پابندیوں سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوگی۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ امریکا کے تعلقات مضبوط ہیں اور خطے میں استحکام کے لیے تعاون جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ایران طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت پر مکمل عمل کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا تو امریکا کے پاس متعدد راستے موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی آزادانہ آمد و رفت عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ہے۔