Wed, September 16, 2026

آبنائے ہرمز عالمی گزرگاہ، کسی ملک کو ٹول ٹیکس وصول کرنے کا حق نہیں: مارکو روبیو

آبنائے ہرمز عالمی گزرگاہ، کسی ملک کو ٹول ٹیکس وصول کرنے کا حق نہیں: مارکو روبیو

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور وہاں سے گزرنے والے بحری جہازوں پر کسی بھی ملک کی جانب سے ٹول ٹیکس یا اضافی فیس عائد نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے اس راستے پر آزادانہ جہاز رانی کو یقینی بنانا بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران اگر انقلابی طرزِ سیاست کے بجائے ایک معمول کی ریاست کے طور پر عالمی نظام میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کرے تو اس کے لیے معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے بے شمار مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے میں استحکام، سفارت کاری اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ہی تمام فریقوں کے مفاد میں ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا غیر معمولی پابندی عالمی منڈیوں اور توانائی کی سپلائی کو متاثر کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار کی ترسیل ہوتی ہے، جس کے باعث اس خطے کی صورتحال پر دنیا بھر کی نظریں مرکوز رہتی ہیں۔

ٹیگز: