Wed, September 16, 2026

برطانوی نمائندے نے افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کر دیا

برطانوی نمائندے نے افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کر دیا

اسلام آباد: افغانستان میں برطانیہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ لنڈسے نے کہا ہے کہ خطے میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کی موجودگی اور ان کی سرگرمیاں علاقائی سلامتی کے لیے سنگین چیلنج بنی ہوئی ہیں، جن کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

افغان میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں رچرڈ لنڈسے نے کہا کہ بعض دہشت گرد گروہوں کو افغانستان کے اندر موجود سہولتوں اور روابط سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں موجود خاندانی اور قبائلی تعلقات بھی ان گروہوں کے لیے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

برطانوی نمائندے نے کابل اور قندھار میں طالبان حکام پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون اور مؤثر سکیورٹی حکمت عملی ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

دوسری جانب پاکستان مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی بعض کارروائیوں میں ملوث عناصر افغانستان میں موجود پناہ گاہوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں، جبکہ افغان طالبان حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی رہی ہے۔

ٹیگز: