اسلام آباد : راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے بعد کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ سڑکوں پر بھی نکاسی آب کا نظام متاثر ہوا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے علاقوں، خاص طور پر مظفرآباد اور اس کے نواح میں بھی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے گرمی کا زور کم ہوا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سال مون سون میں معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ پنجاب میں بارشوں کی شدت خاصی زیادہ ہو سکتی ہے اور کچھ علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ بھی موجود ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھیں اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔