Wed, September 16, 2026

ملک میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ، کئی علاقے زیرِ آب، جانی و مالی نقصان

ملک میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ، کئی علاقے زیرِ آب، جانی و مالی نقصان

اسلام آباد: پاکستان کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو گیا ہے جس سے کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ بعض مقامات پر بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔

لاہور میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی، جس سے لکشمی چوک، گڑھی شاہو، شملہ پہاڑی، باغبانپورہ، مغلپورہ اور مال روڈ سمیت مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک جام کے مسائل بھی سامنے آئے۔

ادھر جھنگ، خوشاب اور چکوال میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

جنوبی وزیرستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلے ٹانک میں داخل ہو گئے، جس سے وانا، جنڈولہ، عمر اڈا اور بنوں کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

بلوچستان بھی بارشوں سے شدید متاثر ہوا۔ ہرنائی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور بچہ جان کی بازی ہار گئے۔ گوچینہ میں 3 افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے جن میں سے دو کو بچا لیا گیا۔ سوراب میں 100 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ کچھی میں بارش کے باعث کوئٹہ-سبی شاہراہ بند ہو گئی۔

حب میں ندی نالوں میں طغیانی سے پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا۔ ہری پور کے پہاڑی علاقے بودلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی دیہات کا رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ٹیگز: