Wed, September 16, 2026

ایران کا جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان، تنصیبات کی مرمت شروع

ایران کا جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان، تنصیبات کی مرمت شروع

تہران ؛ ایرانی ایٹمی توانائی ایجنسی نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ حالیہ امریکی حملوں کے باوجود ایران اپنے جوہری پروگرام کو کسی صورت نہیں روکے گا۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کرنے کی مکمل تیاری کر لی گئی ہے، اور متاثرہ ایٹمی تنصیبات کی مرمت اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق فردو نیوکلیئر سائٹ کو جو نقصان ہوا وہ صرف داخلی اور خارجی راستوں تک محدود رہا، جبکہ جوہری تنصیبات کا اہم ڈھانچہ محفوظ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملوں کے بعد تابکاری میں کسی قسم کا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا، اور تینوں متاثرہ مقامات پر تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے۔

ایران نے عالمی ایٹمی ادارے (IAEA) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی حملوں کی تحقیقات کرے، کیونکہ ایران کے مطابق یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کو پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ آگے بڑھائے گا، اور کسی دباؤ کے آگے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس اعلان کے بعد خدشہ ہے کہ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: