ممبئی: بھارتی گلوکار اور ریپر بادشاہ کی اہلیہ، اداکارہ ایشا رکھی کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں صارفین ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایشا رکھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دو ویڈیوز شیئر کیں، جن میں ان کی شادی کے یادگار لمحات بھی شامل تھے۔
ویڈیوز کے ساتھ لکھے گئے پیغام میں انہوں نے کہا، "ہر آزمائش اپنے اندر ایک سبق سموئے ہوتی ہے اور ہر دعا ایک نئی امید کو جنم دیتی ہے،" جبکہ انہوں نے اس کے ساتھ دعا کی علامت والا ایموجی بھی شامل کیا۔
یہ پوسٹ منظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، جس کے بعد متعدد صارفین نے بادشاہ اور ایشا رکھی کے درمیان ممکنہ اختلافات اور علیحدگی سے متعلق تبصرے شروع کر دیے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگرچہ اداکارہ نے اپنے رشتے یا ازدواجی زندگی میں کسی مسئلے کی واضح طور پر نشاندہی نہیں کی، تاہم ان کے پیغام اور شیئر کی گئی ویڈیوز نے مداحوں کو مختلف اندازے لگانے پر مجبور کر دیا۔
یاد رہے کہ بادشاہ اور ایشا رکھی کی شادی کی خبر رواں برس مارچ میں سامنے آئی تھی۔
اس سے قبل بادشاہ کی شادی جیسمین مسیح سے ہوئی تھی، تاہم آٹھ سال بعد دونوں نے اپنی راہیں جدا کر لی تھیں۔ ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔