Wed, September 16, 2026

سفارتی نقل و حرکت پر قیاس آرائیاں بند کی جائیں، پاکستان نے غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ مسترد کر دی

سفارتی نقل و حرکت پر قیاس آرائیاں بند کی جائیں، پاکستان نے غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ مسترد کر دی


اسلام آباد :پاکستان نے امریکی خبر رساں ادارے 'کولمبیا براڈ کاسٹنگ سسٹم' (سی بی ایس) کی اس رپورٹ کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں پاکستان میں غیر ملکی طیاروں کی موجودگی کو غلط رنگ دیا گیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ میڈیا رپورٹ گمراہ کن ہے اور پاکستان کی سرزمین پر طیاروں کی آمد محض سفارتی عمل کا حصہ تھی۔
ترجمان کے مطابق ایران اور امریکہ کے طیاروں کی پاکستان آمد کا مقصد سفارتی عملے کی نقل و حرکت کو سہولت فراہم کرنا تھا۔ یہ طیارے مستقبل میں ہونے والے مذاکراتی مراحل کے پیشِ نظر عارضی طور پر یہاں موجود رہے، جس کا مقصد فریقین کے درمیان لاجسٹک معاونت کو یقینی بنانا تھا۔
پاکستان نے ان قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں ان طیاروں کو کسی عسکری تنازع یا ہنگامی صورتحال سے جوڑا جا رہا تھا۔ اعلامیے میں دو ٹوک الفاظ میں کہا گیا ہے کہ     پاکستان میں موجود ایرانی طیارے کا کسی قسم کی فوجی ہنگامی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں۔    پاکستان اپنی غیر جانبدارانہ حیثیت پر قائم ہے اور کسی بھی ملک کے خلاف اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اعادہ کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک غیر جانبدار اور ذمہ دار سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا تاکہ علاقائی استحکام برقرار رہ سکے۔
اعلامیے کے مطابق، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت سفارتی کردار جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے اور قیاس آرائیوں پر مبنی ایسی رپورٹس کو مسترد کرتا ہے جو حقائق کے منافی ہوں۔

ٹیگز: