لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 سے 27 جولائی تک صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے، نشیبی علاقوں کے متاثر ہونے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع میں عملے کی چوبیس گھنٹے دستیابی، نکاسی آب کے انتظامات اور ضروری مشینری تیار رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔