اسلام آباد :اسلام آباد میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران پاکستان اور چین نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مختلف کلیدی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق، وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ اور چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ کی ملاقات میں ڈیجیٹل معیشت، جدید ٹیکنالوجیز، اور باہمی اشتراک سے چلنے والے منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے نئی ٹیکنالوجیز میں دیرپا تعاون کے فروغ اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے اس موقع پر پاکستان کے "ڈیجیٹل وژن" کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے معیشت کی بہتری اور عوامی سہولتوں میں اضافہ ممکن ہے۔
چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے پاکستان کی ڈیجیٹل پیش رفت میں چین کے تعاون اور مہارت کی فراہمی کا وعدہ کیا، اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور افرادی قوت کی صلاحیتوں میں اضافے جیسے موضوعات پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو مساوی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنایا جائے۔
وزارتِ آئی ٹی کے مطابق، دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل میدان میں باہمی مفادات کو مدِنظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لیے پائیدار حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔