کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جاپان نے سندھ کو صحت کے شعبے میں ایک جدید ہسپتال تحفے میں دیا ہے، جو آئندہ سال سے اپنا آپریشن شروع کرے گا۔ انہوں نے جاپان کی حکومت اور عوام کا اس تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد کچھ اہم اسپتال سندھ حکومت کے زیر انتظام آئے، جن میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (NICVD) بھی شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 2018 میں وفاق نے NICVD واپس لینے کی کوشش کی، لیکن سندھ حکومت نے اسے واپس نہیں کیا۔ عدالت کے فیصلے کے باوجود وفاقی حکام اسپتال کا انتظام سنبھالنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اسپتالوں کے قیام کا منصوبہ ہے، جن میں سکھر، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو کے چائلڈ اسپتال اور قمبر، شہداد کوٹ، میرپور ماتھیلو میں بھی بچوں کے اسپتال شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے اسپتالوں میں دستیاب سہولیات ملک کے دیگر صوبوں سے بہتر ہیں اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی کام کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اور حکومت اس سلسلے میں عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر بچے کو معیاری علاج میسر ہو۔