Wed, September 16, 2026

یومِ تاسیس مصطفائی تحریک پاکستان

 یومِ تاسیس مصطفائی تحریک پاکستان

وطن عزیز میں ہر سال 25 جولائی کو مصطفائی تحریک پاکستان کا یومِ تاسیس نہ صرف ایک نئے ولولے، امید اور مقصد کی یاد تازہ کرتا ہے بلکہ یہ دن عزمِ نو اور تجدیدِ عہد کا دن بھی ہے۔ مصطفائی تحریک انجمنِ طلبہ اسلام کے سابقین کی قربانیوں، جد و جہد اور اخلاص سے پھوٹی، جس کا مقصد ایک ایسا معاشرہ قائم کرنا ہے جو امن، عدل، فلاح اور عشقِ رسولؐ  سے مالامال ہو۔ مصطفائی تحریک کی بنیاد 25 جولائی 1991 کو راولپنڈی میں انجمنِ طلبہ اسلام کے سابقین کے مشاورتی اجلاس میں رکھی گئی۔ اس تاریخی اجلاس میں میاں فاروق مصطفائی، ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نوری، ڈاکٹر حمزہ مصطفائی، غلام مرتضیٰ سعیدی، شیخ محمد طاہر انجم، سید محمد صفدر شاہ اور انجمن طلبہ اسلام کے متعدد سابق رہنما شریک تھے۔ مصطفائی تحریک کا نصب العین ’’مصطفائی معاشرے کا قیام‘‘ ہے، جو عدل و انصاف، ترقی و خوشحالی اور فلاح و نجات کا عملی نمونہ ہو۔ اس کارواں کی بنیاد محض نظریہ نہیں، بلکہ عملی خدمات پر بھی ہے۔ تعلیم، رفاہ عامہ اور روحانی اصلاح کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جس میں مصطفائی تحریک نے نئی راہیں نہ دکھائی ہوں۔ تحریک کے زیر انتظام مصطفائی ماڈل سکولز ملک بھر میں نوجوانوں کی تربیت اور کردار سازی کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں، جہاں علم و ہنر کے ساتھ ساتھ طلبہ میں عشقِ مصطفیؐ اور اعلیٰ دینی اقدار کو پروان چڑھایا جاتا ہے۔ ’’عید میلاد النبیؐ ‘‘ جیسی روحانی تقریبات ہوں یا فلاحی منصوبے، ہسپتال، ایمبولینس، تعلیمی وظائف، یتیموں اور ضرورت مند طلبہ کی امداد یہ سب مصطفائی فکر اور خدمت خلق کے زندہ ثبوت ہیں جن کا فریضہ مرکزی امیر مصطفائی تحریک پاکستان غلام مرتضیٰ سعیدی کی امارت میں بہترین انداز سے نبھایا جا رہا ہے۔ اس وقت پاکستان میں مصطفائی تحریک کے ذیلی ادارے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی شیخ محمد طاہر انجم کی قیادت میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ المصطفیٰ نے زلزلہ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات میں فوری ریلیف، یتیم و بے سہارا طلبہ کی تعلیمی کفالت، سندھ اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں کمیونٹی سکولز کا قیام اور معاشرتی ترقی کے متعدد منصوبوں پر سرگرمِ عمل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مصطفائی ریسرچ سنٹر اسلامی معاشی نظام کے فروغ کیلئے تحقیق میں مصروف ہے جہاں سودی نظام معیشت کے متبادل زکوٰۃ پر مبنی اسلامی ماڈل کی تیاری اور اس کے عملی اطلاق پر کام ہو رہا ہے، تاکہ پاکستان میں ایک عادلانہ اور اخلاقی بنیادوں پر استوار معیشت وجود میں آ سکے۔ جبکہ المصطفیٰ ٹرسٹ انٹرنیشنل انگلینڈ کے چیئرمین برادرم منیر احمد مغل کی قیادت میں دنیا کے مختلف ممالک میں دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود اور خدمت خلق کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستانی معاشرے میں جہاں مادیت، نفس پرستی، انتشار اور بداعتمادی عام ہو چکی ہے، مصطفائی تحریک امید، اخلاص، روشنی اور اصلاح کے چراغ جلا رہی ہے۔ اس تحریک نے مادرِ وطن کے وفادار بیٹوں کو اس عہد پر اکٹھا کیا کہ وہ ہر فورم پر وطن، دین، عقیدہ اور عظمتِ مصطفیؐ  کے لیے آواز بلند کریں گے۔ مصطفائی تحریک ہمیشہ انجمن طلبہ اسلام اور اس کے کارکنان کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھتی ہے، تاکہ عشقِ رسولؐ کے مشن میں سب متحد رہیں۔ اس کارواں نے ہر دور میں چیلنجز، تضاد اور ناامیدی کے باوجود اصلاح و خیر اور امید کا پیغام پہنچایا۔ کئی بزرگ رہنما اس سفر میں بزمِ جہاں سے رخصت ہو گئے، مگر ان کی قربانیوں اور نیک نیتی کی خوشبو آج بھی کارواں کو مہکاتی اور متحرک رکھے ہوئے ہے۔ مصطفائی تحریک اپنے یوم تاسیس کے موقع پر 25 جولائی تا 14 اگست شادابی پاکستان مہم چلائے گی، مہم کا نقطہ عروج 14 اگست ہو گا جہاں آزادی پاکستان کو شادابی پاکستان کا عنوان دے کر ملک بھر میں شجر کاری کا اہتمام کیا جائے۔ یومِ تاسیس کے موقع پر ہمیں یہ عہد ہونا چاہیے کہ ہم مصطفائی مشن کو جاری و ساری رکھیں گے۔ محبت و خدمت کا پیغام عام کریں گے، معاشرتی ہم آہنگی، رواداری، علم دوستی اور اخلاص کی فضا کو فروغ دیں گے۔ نفرت، تعصب، لسانیت اور بے راہ روی جیسے عذابوں کے دور میں مصطفائی تحریک امن اور اتحاد کی علمبردار بن کر رہنمائی کرتی رہے گی۔ ہم سب کو عملی کردار کے ذریعے اس قافلے کا مسافر بننا ہے جو وطن عزیز میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ اور مقام مصطفیؐ کے تحفظ، پاکستان کی بقائے دوام اور ملی فلاح کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اللہ کریم مصطفائی تحریک کے مشن کی تکمیل میں خیر وبرکت عطا فرمائے۔ آمین

ٹیگز: