تہران : ایرانی حکام نے تہران ایئرپورٹ پر ایک ڈچ سفارتکار کو سٹار لنک کی کٹس اور سیٹلائٹ فونز سمگل کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، جب یہ سفارتکار ایئرپورٹ پہنچا تو اس نے اپنا سوٹ کیس سکینر سے گزارنے کی اجازت نہیں دی، جس پر تنازعہ پیدا ہوا اور اس کا سامان ضبط کر لیا گیا۔ سفارتکار اپنا سامان واپس لیے بغیر ایران سے روانہ ہو گیا۔ تاہم، بعد میں سامان کی جانچ کے دوران اس میں سٹار لنک کی کٹس اور سیٹلائٹ فونز برآمد ہوئے۔
ایران میں سٹار لنک کی سروس پر پابندی ہے کیونکہ حکام اسے غیر قانونی سمجھتے ہیں اور اس کا استعمال جاسوسی یا مجرمانہ سرگرمیوں سے جوڑا جاتا ہے۔ ایلون مسک ایران میں انٹرنیٹ کی مفت فراہمی کے لیے سٹار لنک فراہم کرنا چاہتے تھے، لیکن ایران نے اس پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
اس واقعے کے بعد، ہالینڈ کی وزارت خارجہ نے ایران میں اپنے سفارتکار کے سامان کی ضبطی پر احتجاج کیا اور ایرانی سفیر کو طلب کر لیا۔