اسلام آباد:پاکستان میں آئی ایم ایف وفد اقتصادی جائزے کے لیے 3 مارچ کو پہنچے گا، اور مذاکرات 15 مارچ تک جاری رہیں گے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، پہلے مرحلے میں تکنیکی مذاکرات ہوں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں پالیسی سطح کے مذاکرات کیے جائیں گے۔ نیتھن پورٹر کی قیادت میں آئی ایم ایف کا 9 رکنی وفد پاکستان میں تقریباً دو ہفتے قیام کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے حوالے سے بھی تجاویز دے گا، اور ان تجاویز کی منظوری کے بعد ہی تنخواہ دار طبقے کو کسی قسم کا ریلیف مل سکے گا۔ وزارت خزانہ، وزارت توانائی، وزارت منصوبہ بندی، اور سٹیٹ بینک کے ساتھ مذاکرات ہوں گے، اور ایف بی آر، اوگرا، نیپرا سمیت دیگر اداروں اور وزارتوں کے ساتھ بھی مذاکرات شیڈول ہیں۔
صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے الگ الگ مذاکرات کیے جائیں گے، اور کلائمیٹ فنانسنگ پر پنجاب اور بلوچستان کے ساتھ آج تکنیکی سطح پر مذاکرات کیے جائیں گے۔