ممبئی : بھارتی شوبز کی معروف اداکارہ اور میزبان شہناز گل کو بگ باس 13 میں شرکت کے بعد بے حد شہرت حاصل ہوئی۔ خاص طور پر ان کا اور مرحوم اداکار سدھارتھ شکلا کا آن سکرین رشتہ مداحوں کے دلوں میں بس گیا، اور آج بھی یہ جوڑی ایک خاص مقام رکھتی ہے۔
شہناز گل اس وقت بالی ووڈ کی مشہور اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 19.3 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ وہ فلموں، میوزک ویڈیوز اور مختلف ڈیجیٹل پراجیکٹس میں بھی نظر آتی ہیں۔
حال ہی میں شہناز نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ پاکستان کے مقبول ڈرامے "میرے زندگی ہے تو" کے او ایس ٹی پر پرفارم کر رہی ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا: "اس گانے کی دیوانی ہوں، یہاں تک کہ خود سے بھی زیادہ اس سے محبت ہے۔" یہ گانا معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے گایا ہے۔
عاصم اظہر نے بھی شہناز کی ویڈیو پر تبصرہ کیا اور گانے کی تعریف کی۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو اور گانے کو بے حد سراہا جا رہا ہے، اور بھارتی و پاکستانی دونوں مداحوں نے شہناز گل کے اس انداز کو خوب پسند کیا ہے۔